ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے دنیا بھر میں امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے چند ملازمین کو چھوڑ کر باقی سب کو فارغ کرنے اور امریکا میں تقریباً 2 ہزار عہدے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق ایڈمنسٹریٹر آفس کی جانب سے یو ایس ایڈ ملازمین کو بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا تھا کہ افرادی قوت میں کمی کے تحت تقریباً 2000 ملازمین کو بھی فارغ کیا جائے گا۔
یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ابتدائی طور پر یو ایس ایڈ کے ہزاروں ملازمین کو برطرف کرنے کی کوشش کے بعد سامنے آیا ہے۔ پھر اسے قانونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک وفاقی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو یو ایس ایڈ کو ختم کرنے سے روک دیا تھا، لیکن جمعہ کو فیصلہ دیا کہ یہ قیام مستقل نہیں ہوگا۔
اتوار 23 فروری 2025 کی رات بھیجے گئے نوٹس میں یو ایس ایڈ کے تمام اہلکاروں کو سوائے اہم مشنز اور خصوصی طور پر نامزد پروگرام کے اہلکاروں کو انتظامی رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ یو ایس ایڈ کے وہ ملازمین جو مشن کے اہم کاموں کے ذمہ دار ہیں، اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے۔ لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے ملازمین کو اہم سمجھا گیا ہے۔
یو ایس ایڈ کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر پیٹ مارکو کے مطابق ادارے کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے بیرون ملک سفر کا انتظام کرنے کے لیے 600 امریکی اہلکار وہاں موجود ہوں گے۔











