وزیر اعظ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے انتہائی مفید ملاقات ہوئی، اچھے ماحول میں ہونے والی اس میٹنگ سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔
لندن میں سمندرپار پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان خارجی معاذ، عسکری اور معاشی میدان میں آگے بڑھ رہا ہے، 2 سے 3 سال قبل پاکستان کی معیشت ہچکولے کھا رہی تھی، آج پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، یہ سب کچھ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، ٹیم ورک کے بغیر کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جنگ جیتی اور دشمن کو شکست فاش دی اور خدا نے پاکستان کی شان و شوکت میں بے پناہ اضافہ کیا۔ اقوام متحدہ اپنی تقریر میں پاکستان کے عوام کی نمائندگی کی اور کشمیر کا مقدمہ لڑ کر آیا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری آنی شروع ہو گئی ہے اور امریکی صدر سے ملاقات کے بعد اس میں مزید مضبوطی آئے گی۔ سمندر پار پاکستانی اپنے اپنے دائرے میں ملک کی خدمت کر رہے ہیں، آپ لوگ پاکستان کے ایمبیسیڈرز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں 64 ہزار سے زائد بے گناہ بچوں، نوجوان، بزرگوں اور خواتین کو شہید کیا گیا، ایسا ظلم ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، دعا ہے غزہ میں جلد از جلد اس ظلم کا خاتمہ ہو۔مسلم ممالک سربراہان کے ساتھ بھی غزہ کے مسئلے پر امریکی صدر سے میٹنگ ہوئی تھی۔











