اہم ترین

عوام جانتے ہیں مہنگائی کا ذمہ دار نوازشریف یا مسلم لیگ ن نہیں: مریم نواز

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ مہنگائی کا ذمہ دار نوازشریف یا مسلم لیگ ن نہیں۔

خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ اور اچھا برا وقت آتا ہے لیکن شیر اور لیڈر وہ ہوتا ہے جو میدان چھوڑ کر نہ بھاگے۔ہم سے مقابلہ کرنے والے بزدل آج بھاگ گئے۔

عمران خان کا نام لئے بغیر مریم نواز نے کہا کہ کہتے تھے اتنی مہنگائی ہے مسلم لیگ ن کی الیکشن کمپین کیلیے کون نکلے گا , میں ان سب کو کہنا چاہتی ہوں کہ آنکھیں کھول کر دیکھ لو۔ عوام کے جم غفیر اور اور عوام کے سمندر یہ بتاتے ہیں کہ عوام جانتے ہیں کہ مہنگائی کا ذمہ دار نوازشریف یا مسلم لیگ ن نہیں۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ 2013 میں بھی ن لیگ نے مقابلہ کیا اور جیتی , 2018 میں بھی ان جعلی لوگوں کا مقابلہ ن لیگ نے کیا اور جیتی۔ نوازشریف اور ن لیگ کو 2018 میں ہرانے کیلیے انہیں الیکشن چوری کرنا پڑا۔آج ہم چاہتے ہیں ہمارے ساتھ مقابلہ کرو لیکن آج میدان میں مقابلہ کرنے والا کوئی نہیں کیونکہ یہ بزدلوں کی طرح جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔

مریم نواز نے عمران خان اور پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج انتقام اور لیول پلیئنگ فیلڈ کا الزام لگاتے ہو ۔ کیا نوازشریف نے کہا تھا جب اقتدار سے نکلو تو جھوٹا سائفر لہرا دو؟ کیا نوازشریف نے کہا تھا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دو؟ کیا نوازشریف نے کہا تھا کہ 9 مئی کو ریاست پر حملہ کردو؟

پاکستان