اہم ترین

پاک ایران وزرائے خارجہ رابطہ: “پاکستان کشیدگی کی خواہش نہیں رکھتا”

نگران وفاقی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے جمعے کو اپنے ایرانی ہم منصب امیرعبداللہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد تہران کے ساتھ تمام امور پر باہمی اعتماد اور تعاون کی روح کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ تناؤ ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جلیل عباس جیلانی نے ایران کے ساتھ تمام امور پر باہمی اعتماد اور تعاون کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان کے مابین بھی ٹیلفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان جاری پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ترک ہم منصب کو پاکستان کے تناظر اور حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا آپریشن مرگ بر سرمچار کا مقصد ایران کے اندر دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنانا تھا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کسی قسم کی کشیدگی میں کوئی دلچسپی یا اس کی خواہش نہیں رکھتا۔

پاکستان