دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوس ایک بار پھر ایلون مسک کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔
امریکی نیوز ویب سائیٹ بلومبرگ کے جاری کردہ تازہ ترین بلینیئرز انڈیکس کے مطابق 2023 ایلون مسک کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ ایک سال میں انہیں 31 ارب دالر کا نقصان ہوا ہے۔ اسی دوران ایمیزون کے مالک جیف بزوس 23 ارب ڈالر کا منافع کمانے میں کامیاب ہوئے۔
2023 میں امیزون کے حصص کی قیمت میں 18 فیصد کا اضافہ جب کہ ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کی قدر میں 24 فیصد کی کمی آئی ہے۔
اس طرح جیف بیزوس کے موجودہ اثاثہ جات کی مالیت 200 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جب کہ مسک کی دولت گھٹ کر 198 ارب امریکی ڈالر ہوگئی ہے۔
2020 میں دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز جیف بزوس کو ہی حاصل تھا۔ لیکن 2021 میں ایلون مسک 195 ارب امریکی ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ بزوس کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے تھے۔
2022 میں لگژری برانڈ لوئس ووٹن کی پیرنٹ کمپنی ایل وی ایم ایچ کے چیف ایگزیکٹو تاجر برنارڈ ارنولٹ دنیا کے امیر ترین انسان قرار پائے تھے۔ لیکن 2023 میں ایلون مسک نے دوبارہ دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔











