جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے میگا اسٹار رجنی کانت اور بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان 30 سال بعد کام کررہے ہیں ۔ فلم کولی کے لیے عامر خان نے اپنے کردار کو عکسبند کرانا بھی شروع کردیا ہے۔
گزشتہ دو فلموں کی ناکامی کے بعد بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ستارے زمین پر تکمیل میں مصروف ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری میں بھی انٹری دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان جلد ہی ٹولی ووڈ کی فلم کولی میں رجنی کانت کے ساتھ نظر آئیں گے ۔ اتنا ہی نہیں بلکہ عامر خان نے جے پور میں فلم میں اپنے حصے کی شوٹنگ شروع کر دی ہے ۔
کولی کی کہانی کا پلاٹ کیا ہوگا اور اس میں عامر کا کیا کردار ہوگا ؟ اس بارے میں کسی قسم کی کوئی معلومات سامنے نہیں آئی لیکن کہا جارہا ہے کہ کولی میں عامر کا کردار مار دھاڑ سے بھرپور ہوگا ۔ اگرچہ فلم میں عامر کا کردار مختصر ہے لیکن اس کا اثر بہت گہرا اور یاد رہنے والا ہے ۔
یہ دوسرا موقع ہے جب عامر اور رجنی کانت اسکرین شیئر کریں گے ۔ 30 سال پہلے ، عامر اور رجنی کانت فلم ساز دلیپ شنکر کی 1995 کی ایکشن انٹرٹینر آتنک ہی آتنک میں ایک ساتھ نظر آئے تھے ۔ فلم میں جوہی چاولہ ، پوجا بیدی ، کبیر بیدی ، اوم پوری اور ارچنا جوگلکر نے بھی اداکاری کی۔