امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ مشرق وسطیٰ کو ’عظیم بنانے کا حقیقی موقع‘ ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی ٹینک اتوار کو غزہ شہر کے رہائشی اضلاع میں مزید اندر تک گھس گئے ہیں۔
ٹرمپ نے آج اپنے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ میں لکھا ہے کہ ہمارے پاس مشرق وسطیٰ کو عظیم بنانے کا حقیقی موقع ہے۔ سب مل کر پہلی بار کسی خاص چیز کے لیے تیار ہیں۔ ہم اسے حاصل کر لیں گے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ٹرمپ کل (پیر کو) وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو سے ملاقات کریں گے، جس کا مقصد معاہدے کے فریم ورک پر پہنچنا ہے۔
ٹرمپ نے جمعے کو کہا تھا کہ غزہ پر مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ بات چیت عروج پر ہے اور اسرائیل اور حماس ان مذاکرات سے آگاہ ہیں۔ یہ بات چیت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ضرورت ہو گی۔
جبکہ حماس نے کہا ہے کہ اسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ فائر بندی منصوبہ موصول نہیں ہوا۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی اخبار ہارٹز نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ حماس نے اصولی طور پر ٹرمپ کے منصوبے کے تحت تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس کے بدلے میں سیکڑوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور اسرائیلی افواج کا بتدریج انخلا ہو گا۔
دوسری جانب اسرائیلی ٹینک اتوار کو غزہ شہر کے رہائشی اضلاع میں مزید اندر تک گھس گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صابرہ، تل الحوا، شیخ رضوان اور النصر محلوں میں اسرائیلی ٹینکوں نے اپنی دراندازی کو مزید بڑھا دیا ہے جہاں لاکھوں لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔











