اہم ترین

قومی سلامتی کمیٹی: ملکی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ

قومی سلامتی کمیٹی کے ارکان نے ملکی سالمیت اور خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی پر وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ہونے والا قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سربراہ پاک فضائیہ اور نیول چیف، نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری خارجہ اور انٹیلی جنس اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔

اجلاس میں پاکستان ایران کشیدگی پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر نگراں وزیر خارجہ نے سفارتی محاذ پر ہونے والی بات چیت پر بریفنگ دی۔اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ کوئی کشیدگی نہیں چاہتا، تاہم قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے اس موقعے پر پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کا اعادہ بھی کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ’ہمارا جواب مؤثر اور اہداف کے حصول پر مبنی تھا۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، تمام ہمسائیوں سے امن کیساتھ رہنا چاہتے ہیں۔

پاکستان