پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین چوہدری ذکا اشرف اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
گزشتہ چند ماہ کی ہنگاماہ خیزی کے بعد چوہدری ذکا اشرف پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوگئے ۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ نگراں وزیر اعظم کو بھجوادیا ہے۔
اجلاس کے دوران ذکاء اشرف نے کمیٹی کے ارکان کو اپنے استعفے سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ جب کام کرنے نہیں دیا جارہا تو عہدے کا کیا فائدہ ۔۔۔
اجلاس کے دوران مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان نے ذکاء اشرف کو مستعفی ہونے سے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ مانے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس چند روز قبل کراچی میں طلب کیا گیا لیکن وزارت بین الصوبائی رابطہ کی ہدایت پر اسے اچانک ملتوی کردیا گیا۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ہدایت کی تھی کہ ذکاء اشرف پی سی بی اور کرکٹ کے حوالے سے طویل المدتی پالیسی نہیں بناسکتے۔ ان کی اولین ذمہ داری پی سی بی میں انتخابات کرانا ہے۔