اہم ترین

کسی کو اندازہ نہیں کہ 8 فروری کو کیا ہونے والا ہے:عمران خان

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو اندازہ نہیں کہ 8 فروری کو کیا ہونے والا ہے۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں حکومت میں لانے سے پہلے کمزور کیا گیا تاکہ ہمیں کنٹرول کیا جا سکے۔ 2018 کے انتخابات کے بعد حکومت بناکر غلطی کی۔ مجھے دوبارہ الیکشن میں جانا چاہیے تھا میں جنرل (ر) قمر باجوہ کی میٹھی باتوں میں آگیا تھا۔ جنرل (ر) باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع دینا میری دوسری غلطی تھی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف انتخابی مہم چلانے کے لیے نکلا ہے تو بتائیں 16 ماہ تک کن ریلو کٹوں کی حکومت تھی؟ 16 ماہ میں معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے۔ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیرونی خسارہ تھا جو یہ چھوڑ کر گئے تھے، ہماری حکومت نے شرح نمو 6 اعشاریہ 7 فیصد پر چھوڑی جو انہوں نے صفر کر دی ہے، ہمارے دور میں مہنگائی 12 اعشاریہ 4 فیصد تک گئی تھی جو یہ 38 فیصد تک لے گئے، ہمارے دور میں دہشتگردی بھی نیچے آئی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ کسی کو اندازہ نہیں کہ 8 فروری کو کیا ہونے والا ہے، ملک میں بے یقینی ہے، ہر روز عوام کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے، 8 فروری کو لوگ اپنا غصہ نکالیں گے اور ان کو بڑا دھچکا لگے گا۔

پاکستان