کینڈی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ایک اہم میچ میں سری لنکا کے اوپنر پاتھم نسانکا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری اسکور کر دی۔ ان کی ناقابلِ شکست اننگز کی بدولت سری لنکا نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ آسٹریلوی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا کو انگلینڈ کے ہاتھوں 3-0 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم ٹورنامنٹ میں اب تک وہ تینوں میچ جیت کر شاندار فارم میں نظر آ رہے ہیں۔
کینڈی میں آسٹریلیا کےخلاف سری لنکا نے 182 رنز کا ہدف 2 اوورز پہلے ہی حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان مچل مارش نے 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 56 رنز بنائے۔ دونوں نے پہلی وکٹ پر 104 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن مڈل آرڈر ناکام رہا۔آخری اوورز میں آسٹریلیا کی ٹیم صرف 21 رنز پر چھ وکٹیں گنوا بیٹھی۔
سری لنکا کے لیگ اسپنر دوشن ہیمنتھا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے نسانکا اور کوسل مینڈس کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ مینڈس نے ٹورنامنٹ کی تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد نسانکا نے پوان رتھنائیکے کے ساتھ مل کر 76 رنز کی تیز رفتار شراکت بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔
نسانکا نے 52 گیندوں پر 100 رنز بنائے، جس میں پانچ چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔ یہ کارنامہ انجام دے کر نسانکا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے سری لنکن بلے باز بھی بن گئے۔
اس شکست کے بعد آسٹریلیا کی اگلے مرحلے میں رسائی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اگر زمبابوے منگل کو آئرلینڈ کو یا جمعرات کو سری لنکا کو شکست دے دیتا ہے تو 2021 کا چیمپئن آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا کو اپنے آخری میچ میں عمان کے خلاف بڑے مارجن سے جیت درکار ہوگی تاکہ نیٹ رن ریٹ بہتر بنایا جا سکے۔










