اہم ترین

اسٹیون اسمتھ بالآخر آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل

آسٹریلیا نے تجربہ کار بلے باز اسٹیون اسمتھ کو باضابطہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ وہ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی جگہ ٹیم کا حصہ بنے ہیں، جو انجری کے باعث پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے تھے۔ اس فیصلے کے بعد اسٹیون اسمتھ پیر کی شام سری لنکا کے خلاف میچ میں انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے۔

اسمتھ کو ہنگامی بنیادوں پر سری لنکا بلایا گیا تھا، جب کپتان مچل مارش کو آئرلینڈ کے خلاف میچ سے قبل گراؤن میں چوٹ لگنے کے باعث طبی مسئلہ درپیش ہوا۔ اسٹیون اسمتھ ٹیم کے ساتھ پالیکیلے پہنچ چکے ہیں، جہاں آسٹریلیا اپنے گروپ کے آخری دو میچ کھیلے گا

اتوار کو اسٹیون اسمتھ نے سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، تاہم یہ حتمی طور پر طے نہیں ہوا کہ وہ پلیئنگ الیون میں شامل ہوں گے یا نہیں۔ مچل مارش نے نیٹس میں بھرپور بیٹنگ کی اور ان کی صحت میں بہتری آ رہی ہے۔

آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس کو زمبابوے کے خلاف میچ میں ہاتھ پر چوٹ لگی تھی، لیکن میڈیکل رپورٹس کے مطابق وہ سنگین انجری سے محفوظ رہے ہیں۔

آسٹریلوی چیف سلیکٹر ٹونی ڈوڈیمائیڈ نے کہا کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق کسی بھی اسکواڈ تبدیلی کی منظوری میچ سے کم از کم ایک دن پہلے دینا ضروری ہوتی ہے۔ ان کے مطابق مارش اور اسٹوئنس کی فٹنس صورتحال غیر یقینی ہونے کے باعث اسٹیون اسمتھ کو فوری طور پر اسکواڈ میں شامل کرنا مناسب فیصلہ تھا۔

اسٹیون اسمتھ نے آخری بار فروری 2024 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا تھا، تاہم حالیہ بگ بیش لیگ میں وہ شاندار فارم میں نظر آئے، جہاں انہوں نے 299 رنز 59.80 کی اوسط اور 167.97 کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیے۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر شائقین اور ماہرین انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

اگرچہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اسمتھ کا مجموعی ریکارڈ زیادہ متاثر کن نہیں، لیکن حالیہ ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ میں ان کی بیٹنگ نے سلیکٹرز کو دوبارہ سوچنے پر مجبور کر دیا۔

زمبابوے کے خلاف شکست کے بعد آسٹریلیا کے لیے سری لنکا کے خلاف کامیابی انتہائی ضروری ہو چکی ہے، کیونکہ اس میچ میں ہار کی صورت میں ٹیم کا سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنا تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔

پاکستان